اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ وہ جمعرات کو نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس کے دوران خطے کی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
امیر البحر نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ نیول چیف نے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی معاونت اور متاثرہ عوام کو ہرممکن امداد کی فراہمی کیلئے فیلڈ کمانڈز کو خصوصی ہدایات بھی دیں۔