کراچی ۔ 24 فروری (اے پی پی) پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018ء کراچی میں شروع ہوگئی۔ مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رباط سیریز کی مشقوں میں روایتی سے لے کر غیر روایتی تک بدلتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملیوںکی جانچ اور ان کا عملی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ مشق میں بحیرہ عرب کے طول و عرض میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہوں گے۔ مشق کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کی بنیاد ہیں جس سے مادر وطن کے دفاع کے لئے تربیت کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔