اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):پاک بحریہ نے بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں بلخصوص ہرنائی، نیو جلالہ آباد اور اختر آباد میں ریلیف کیمپس قائم کئےہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ریلیف کیمپس کا انعقاد ایف سی (نارتھ)، پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ کی معاونت سے کیا گیا ہے۔ ان ریلیف کیمپس کے دوران زلزلہ زدگان میں ضروریات روزمرہ اور دیگر امدادی سامان کی تقسیم کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر کوئٹہ نے سی ایم ایچ اور سول اسپتال کوئٹہ میں بھی زلزلہ سے متاثرہ مریضوں کی تیمار داری کی اور ان میں امدادی سامان تقسیم کیا، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔