پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس طارق اور پی این ایس ہمت کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

103

اسلام آباد ۔23فروری(اے پی پی)پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس طارق اور پی این ایس ہمت کا متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور انہوں نے بین الاقوامی/ بحری دفاعی نمائش میں شرکت کے علاوہ باہمی مشق ”نصل البحر“میں بھر پور حصہ لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مشق کے دوران مختلف جنگی مہارتوں اور میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہپاک بحریہ کے وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے فلیٹ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز کے ساتھ پی این ایس طارق سے مشق کا مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل عبدالعلیم نے یو اے ای نیول فورسز کے ڈپٹی کمانڈرسے بھی ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماﺅں کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفارت کاروں، یو اے ای کے عسکری و سول حکام اورپاکستان کی دفاعی پیداوار کی وزیر زبیدہ جلال نے بھی پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ پاکستان نیوی کے جہازوں کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔