اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز اصلت نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں کثیرالقومی مشق کموڈو-25 کے 5ویں ایڈیشن میں شرکت کی۔ کموڈو ( KOMODO-25) نے ‘میری ٹائم پارٹنرشپ فار پیس اینڈ اسٹیبلیٹی’ تھیم پر مشتمل سمندری تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے لئے تقریباً 38 ممالک کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس اصلت اس وقت بیرون ملک تعنیاتی پر ہے۔ مشق کموڈو 25 میں جہاز کی فعال شرکت بین الاقوامی بحری تعاون اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار کے عزم کو واضح کرتی ہے۔
مشق کا آغاز فلیٹ ریویو کے ساتھ ہوا جہاں پی این ایس اصلت نے دیگر جنگی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور شریک ممالک کے طیاروں کے ساتھ اپنی بحری صلاحیتوں اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کیا۔قبل ازیں پی این ایس اصلت نے کولمبو، سری لنکا کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفسر نے کمانڈر ویسٹرن نیول ایریا اور دیگر فوجی حکام سے ملاقاتیں کیں ۔
بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی طرف سے میزبان ملک کے عوام اور بالخصوص بحری افواج کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاک بحریہ کے جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول(RMSP) پر باقاعدگی سے تعینات کئے جاتے ہیں جس کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کے لئے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا، کھلے سمندروں پر آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانا اور مشترکہ وسائل کی حفاظت کرنا ہے۔پی این ایس اصلت کا سری لنکا اور انڈونیشیا کا دورہ دونوں دوست ممالک کے ساتھ بحری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569202