
اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس ژوب نے کویت کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افوج کے مابین موجود باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ پاکستان کے اس فلوٹیلا کے مشن کمانڈرپاک بحریہ کے کموڈور محمد سلیم تھے۔ پاک بحریہ کے جہازوں کا یہ دورہ خلیج ِعرب میں پاک بحریہ کے جہازوں کی تعیناتی کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ پی این ایس خیبر پاک بحریہ کے بحری بیڑے کے 25 ویں ڈسٹرائر سکواڈرن کا حصہ ہے اور مختلف النوع خطرات سے بھر پور حالات میں تمام قسم کے میری ٹائم آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پی ایم ایس ایس ژوب مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے جدید اسلحے اور سینسرز سے لیس آف شور پٹرول ویسل ہے جو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون اور کونٹیننٹل شیلف میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے زیرِ انتظام قانون کی عملداری کو یقینی بناتاہے۔کویت میں قیام کے دوران مشن کمانڈر نے پی این ایس خیبر اور پی ایم ایم ایس ژوب کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ کویت کی نیول فورسز کے ڈپٹی چیف، جنرل ادریس عبدالطیف سے ملاقات کی