پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کی رائل عمان بحریہ کے جہاز ’السیب‘ اور سپین بحریہ کے جہاز ’سانتا ماریا‘ کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں

131
Pakistan Navy

راولپنڈی۔11دسمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا رائل عمان بحریہ کے جہاز ’السیب‘ (ALSEEB) اور سپین بحریہ کے جہاز ’سانتا ماریا‘ (SANTA MARIA) کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں منعقد ہوئیں۔پاک بحریہ اور رائل عمان بحریہ کے مابین مشق پاکستان کی زیر قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے فوکسڈ آپریشن ”قراقرم ریزولو“ کے دوران منعقد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوکسڈ آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے بھی حصہ لیا۔پاک بحریہ اور رائل عمان بحریہ کے مابین دوطرفہ بحری مشق”ثمر الطیب“ کا انعقاد بھی باقاعدگی سے کیا جاتا ہے ۔پی این ایس سیف نے سپین بحریہ کے جہاز سانتا ماریا کے ساتھ بھی دو طرفہ مشق کا انعقاد کیا۔مشقوں کا مقصد خطہ میں موجود بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔پاک بحریہ دیگر بحری افواج کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرتی ہے۔