اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کے سرکاری دورے کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ دفاع واسٹیٹ کونسلر،جنرل وے فینگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ نے جنرل وے فینگ کو عوامی جمہوریہ چین کا وزیرِ دفاع تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور ”ون چائنہ “ پالیسی اور چین کے دیگر بنیادی مفادات کے سلسلے میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین موجود قریبی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ چین کے وزیرِ دفاع نے چین کی پاکستان کی حمایت پرپاک بحریہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین مضبوط تعلقات کو سراہا۔