پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے جنوبی افریقی بحریہ کے سربراہ کی ملاقات

83

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):جنوبی افریقی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل موسووا سیموئل ہولونگوان کی نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر ایئر چیف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنوبی افریقی بحریہ کے سربراہ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔

سربراہ جنوبی افریقی بحریہ کو خطے میں امن کے قیام کے لئے پاک بحریہ کے کردار اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ سربراہ جنوبی افریقی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔