اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):پاک بحریہ 7 تا 11 فروری کے دوران منعقد ہونے والی کثیر القومی مشق کے 9 ویں ایڈیشن امن 25 کی میزبانی کرے گی۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رواں سال کی مشق کی ایک اہم خصوصیت امن ڈائیلاگ ہوگی ،جس میں نیول فورسز کے سربراہان، کوسٹ گارڈز کے سربراہان اور دنیا بھر کے سینئر رہنما علاقائی بحری سلامتی پر تبادلہ خیال کرنے اور بدلتے ہوئے سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے مدعو کئے جائیں گے۔
امن ۔25 میں تقریباً 60 ممالک شرکت کریں گے، جو بحری جہاز، ہوائی جہاز، سپیشل آپریشنز فورسز (ایس او ایف )، دھماکہ خیز مواد کو ڈسپوزل ( ای او ڈی ) کرنے والی ٹیموں، میرینز اور مبصرین کے حوالہ سے اشتراک کار کریں گے۔دنیا بھر سے وفود بھی افتتاحی بین الاقوامی امن ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے، جو مشق کے ساتھ ساتھ منعقد ہوگا۔
امن سیریز علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کی پہچان ہے۔2007 میں شروع کی گئی افتتاحی مشق میں 28 ممالک نے شرکت کی تھی اور 2023 تک مشق میں حصہ لینے والے ممالک کی تعداد 50 ہو چکی تھی جن میں بڑی بحری طاقتیں بھی شامل تھیں۔امن سیریز کا نعرہ’’ Together for Peace ‘‘ اس کے بنیادی مشن کی عکاسی کرتا ہے جبکہ اس سال کاموضوع’’محفوظ سمندر،، خوشحال مستقبل‘‘ عالمی خوشحالی کے لیے میری ٹائم سیکورٹی کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔امن مشق بندرگاہ اور سمندری مراحل پر مشتمل ہے۔
بندرگاہ کے مرحلے کے دوران، سیمینارز، آپریشنل مباحثے، انسداد دہشت گردی کے مظاہرے اور سمندر میں ارتقاء کی پری سیل پلاننگ جیسی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔سمندری مرحلے میں حکمت عملی سے متعلق مشقیں، بحری سلامتی سے متعلق مشقیں جیسے انسداد بحری قزاقی اور انسداد دہشت گردی، سرچ اینڈ ریسکیو، گنری فائرنگ اور فضائی دفاعی مشقیں شامل ہوں گی۔سمندری معحلہ کی خاص بات بین الاقوامی فلیٹ ریویو ہوگی جس کا مشاہدہ ملکی اور غیر ملکی معززین کریں گے۔