پاک بھارت میچ کرہ ارض کے بہترین مقابلوں میں سے ایک ہوگا، میتھیو ہیڈن

78
میتھیو ہیڈن

سڈنی۔1ستمبر (اے پی پی):سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان کے 3 تیز ترین بائولرز کا سامنا کرنا ہوگا،

یہ کرہ ارض کے سب سے بہترین مقابلوں میں سے ایک ہوگا۔ بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے میتھیو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان کے پاس شاہین آفریدی، حارث رئوف اور نسیم شاہ کی صورت میں تین بہت ہی مختلف قسم کے بائولرز ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینڈی کی وکٹ میں کافی بائونس ہوتا ہے اس لئے بھارت کو خاص طور پر حارث رئوف پر نظر رکھنی ہوگی۔ شاہین آفریدی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ابتدائی وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، ہم اس گیند کو کبھی نہیں بھولیں گے جو انہوں نے کپتان روہت شرما کو کروائی تھی، اس لئے بھارت کو شاہین آفریدی کے خلاف احتیاط سے کام لینا ہوگا،

وہ پہلے تین اوورز میں بھرپور سوئنگ کرکے کسی کو بھی مشکل میں ڈال سکتا ہے۔ میتھیو ہیڈن نے فاسٹ بائولر نسیم شاہ کے حوالے سے کہا کہ بھارت نسیم شاہ سمیت دیگر بائولرز کے خلاف جارحانہ کھیل کر انہیں دبائو میں لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بھارت کی پوزیشن زیادہ بہتر ہے ، ان کے پاس بہترین بیٹنگ لائن اپ ہے۔