اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے قومی ٹیم کی آئندہ برس شیڈول ورلڈ بلائینڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ میگا ایونٹ آئندہ سال جنوری میں بھارت میں کھیلا جائے گا۔ پی بی سی سی کے حکام نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قومی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت حکومت کی اجازت پر منحصر ہے تاہم اگر دونوں ممالک کے درمیان اسی طرح کے حالات جاری رہے تو اس صورت میں ہماری ٹیم ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں اور اس سلسلے میں کونسل نے 20 کھلاڑیوں کو بھی شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔