منسک۔10فروری (اے پی پی):پاکستان اور بیلاروس نے کلیدی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیاہے، اس ضمن میں دونوں ممالک نے اہم پروٹوکولز پر دستخط کر دئیے۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا آٹھواں اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ۔
اجلاس کے دوران اہم پروٹوکولز پر دستخط کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعلقات کو مزید مستحکم کر نے کے لیے مثبت اور تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کو شنارینکو اور وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ وزارت اقتصادی امور کے خصوصی سیکرٹری محمد ہمیر کر یم،دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارت کاروں نے اجلاس میں شرکت کی اور دوطرفہ تعاون کے اہم شعبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
اجلاس کے دوران لیبر مائیگریشن کے نقل و حرکت سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دی گئی اور دونوں ممالک نے اس حوالے سے تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر مذاکرات شروع کر نے پر اتفاق کیا تاکہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ہنرمند کارکنوں کے تبادلے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے صنعتی شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور توانائی کی بچت کر نے والے ٹریکٹروں اور الیکٹرک بسوں کی مشترکہ اسمبلی پلانٹس کے قیام پر مزید کام کرنے پر اتفاق کیا۔ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور بیلاروس کی ایم ٹی ڈبلیو کمپنی کے درمیان شراکت کو فروغ دے کر زرعی مشینری، ٹرانسپورٹ اور صنعتی سازوسامان کے منصوبے بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔فریقین نے بیجوں کی پیداوار، مویشی پالنے، ویٹرنری میڈیسن اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کر نے کا عزم ظاہر کیا۔فریقین نے صحت اور دوا سازی کے میدان میں طبی آلات، اوودی کائونٹر مصنوعات کی تیاری اور مارکیٹ تک رسائی میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، دو طرفہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے ماہرین کی صلاحیتیں بڑھانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس اور گڈ ڈسٹری بیوشن پریکٹسزکو فروغ دینے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔
پاکستان نے بیلاروس کی ویٹرنری ادویات کی رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔فریقین نے پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور بیلاروس کی یونیورسٹی آف آر آئی پی او کے درمیان دستخط شدہ ایم او یو پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ اس تعاون کے تحت پاکستان کے وفد کے دورہ بیلاروس کی بھی توقع کی جا رہی ہے تاکہ فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے امکانات کو مزید بڑھایا جا سکے۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دونوں ممالک نے اپنے متعلقہ اکیڈمیز آف سائنس کے مابین معاہدوں پر عملدرآمد اور مشترکہ سائنسی و تکنیکی منصوبوں کے مقابلوں کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ معیارات کے شعبے میں بھی تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔اجلاس کے دوران فریقین نے ماحولیاتی تحفظ کے معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار اور آئندہ دورہ پاکستان کے دوران ایک روڈ میپ پر دستخط کیے جانے پر اتفاق کیا۔
بیلاروس نے پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دورے کی سہولت فراہم کر نے پر بھی آمادگی ظاہر کی تاکہ آگ بجھانے اور ریسکیو آلات کے حوالے سے تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔فریقین نے قومی ٹی وی اور ریڈیو کے درمیان تعاون کے معاہدے کی تجدید پر اتفاق کیا جس کے تحت اطلاعاتی تبادلوں اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا، سیاحت کے فروغ کے لیے بھی دونوں ممالک نے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
فریقین نے کھیلوں کی سہولیات اور مقابلوں کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس کے دوران فریقین نے پاکستان اور بیلاروس کے کمرشل بینکوں کے درمیان کارسپانڈنٹ بینکنگ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ مالی لین دین کو آسان بنایا جا سکے۔
پاکستانی وفد نے بیلاروس کے اعلیٰ حکام بشمول وزیر توانائی، وزیر زراعت اناتولی لینوویچ اور نائب وزیر خارجہ سرگئی لوکاشیوچ سے ملاقاتیں کیں جن میں توانائی اور زراعت کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس 2026ء میں اسلام آباد، پاکستان میں منعقد کر انے پراتفاق کیا گیا جس کی تاریخ اور ایجنڈا سفارتی چینلز کے ذریعے طے کیا جائے گا۔