راولپنڈی۔20فروری (اے پی پی):پاک فوج اور جمہوریہ ترکیہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دو ہفتے طویل پاک-ترکیہ مشترکہ مشق "اتاترک-XIII” کی اختتامی تقریب چراٹ، پاکستان میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 10 فروری 2025 کو شروع ہوئی تھی جس میں پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ ( ایس ایس جی) کی 2 کامبیٹ ٹیموں اور جمہوریہ ترکیہ کی سپیشل فورسز کے 36 افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں کمانڈر 11 کور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ جمہوریہ ترکیہ سے بریگیڈیئر جنرل احمد آسک نے بھی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
مشق کے دوران دونوں ممالک کے فوجی جوانوں نے پیشہ وارانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کا مظاہرہ کیا۔ اس مشترکہ مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کے عملی تجربات کا تبادلہ، عسکری صلاحیتوں کو مزید نکھارنا اور پاکستان و ترکیہ کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
مشترکہ تربیت کے نتیجے میں شریک دستوں کو جدید جنگی مہارتوں کے تبادلے اور پیشہ وارانہ ترقی کے مواقع میسر آئے جس سے دونوں ممالک کی افواج کو انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔