اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاک جاپان تجارتی تعلقات کے فروغ میں جاپانی سفیر کا کردار اہم رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو سے الوداعی ملاقات میں کیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے جاپان کے سفیر کے قیام کو خوشگوار اور یادگار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاپانی آٹو انڈسٹری اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے ۔
ملاقات میں جاپانی سفیر نے پاکستان میں تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا مستقبل روشن ہے اور اس کے فروغ کے لئے جاپان اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
سفیر واڈانے پاکستان میں اپنے قیام کو ایک شاندار اور یادگار دور قرار دیتے ہوئے گرمجوشی اور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی متحرک ثقافت کی تعریف کی اور ٹیکنالوجی سے تجارت تک مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز تعاون اورمسلسل اقتصادی ترقی کے لیے ملک کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔