اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک روس تعلقات باہمی احترام، تعاون اور مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات کی بنیاد پر گزشتہ برسوں میں بہتر ہوئے ہیں، روس یوریشین خطے میں علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،35 ویں یوم روس پر صدر ولادیمیر پوٹن، روسی سفیر اور روس کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے یہ بات روس کے 35 ویں قومی دن کے موقع پر خطاب میں کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ قومی دن کی خوشیوں میں شریک ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک روس تعلقات باہمی احترام، تعاون، اور مختلف شعبوں میں مشترکہ مفادات کی بنیاد پر گزشتہ برسوں میں بہتر ہوئے ہیں، حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط بڑھے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط پر پاکستان اور روس کے درمیان گہرے تعلق اور تفہیم کی بنیاد رکھی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور روس علاقائی اور عالمی پلیٹ فارمز پر بھی قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان روس کو ایک اہم عالمی طاقت سمجھتا ہے، روس یوریشین خطے میں علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی ماسکو میں روسی وزیر خارجہ کے ساتھ ایک انتہائی امید افزا ملاقات ہوئی ہے،
ملاقات میں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔صدر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے، ہمارے پاس تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، اور عوامی روابط میں شراکت داری کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم پاکستان اور روس کے درمیان تفہیم اور تعاون بڑھانے کے عزم کی تجدید کریں، پاکستان روس دوستی زندہ باد۔