اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ15 اکتوبر کو پاکستان اور رومانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی60 ویں سالگرہ ہے ،یہ خصوصی موقع دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری دوستانہ اور پائیدار دوستی کا ثبوت ہے جو عالمی امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی مشترکہ امنگوں پر مبنی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ اس خوشی کے موقع پر پاکستان اور رومانیہ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔پیغامات میں دونوں ممالک کے مفاد میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک نے اپنے عوام کے باہمی فائدے کے لئے متعدد شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لئے مل کر کام کیا ہے۔ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا طریقہ کار کثیر الجہتی مکالمے کے لئے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
مزید برآں پاکستان اور رومانیہ نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون کیا ہے۔ اس موقع پر ایک مشترکہ لوگو جاری کیا گیا ہے جسے دونوں ممالک کے سفارت خانے سال بھر سرکاری رابطے کے لیے استعمال کریں گے۔ دونوں ممالک اس تاریخی موقع کو مناسب انداز میں منانے کے لئے تقریبات کا ایک سلسلہ منعقد کریں گے۔