پاک فضائیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے،ترجمان

84

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):قدرتی آفات میں قوم کی خدمت میں پیش پیش پاک فضائیہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔

منگل کو ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کے بیسز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

پاک فضائیہ ان ضرورت مند خاندانوں تک اشیاء ضروریہ پہنچا رہی ہے جن کے گھر اس قدرتی آفت میں تباہ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاک فضائیہ کی جانب سے 752 راشن کے تھیلے جن میں 2860 پاؤنڈ بنیادی اشیائے خوردونوش اوراجناس شامل ہیں ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیئے گئے۔ مزید براں پاک فضائیہ کی پیرامیڈیکل ٹیم نے 133 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔