پاک فضائیہ نے بلوچستان،سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 12375 پاؤنڈ امدادی سامان تقسیم کیا ، ترجمان

124
ترجمان پاک فضائیہ

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):پاک فضائیہ کی جانب سے بلوچستان،سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 12375 پاؤنڈ امدادی سامان تقسیم کیا گیا جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کے قائم کردہ فیلڈ ہسپتالوں میں پی اے ایف کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیموں نے 346 مریضوں کا مفت علاج کیا اور انہیں ادویات فراہم کیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ آپریشن کے دوران حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے افراد کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔ ملک بھر میں خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں نامساعد موسمی حالات کے باوجود پی اے ایف اہلکار سیلاب متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔