پاک فضائیہ کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا عمل اور امدادی کارروائیاں جاری

123

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر میں ہونے والی تباہی کے نتیجے میں 1000 سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ پاک فضائیہ کے اہلکار فریضہ خدمت سے سرشار سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے بحالی کے عمل اور امدادی کارروائیوں کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 23,655 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 1531 پانی کی بوتلیں اور 3909 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کئے۔ مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 236 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔