پاک فضائیہ کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں جاری

201
ترجمان پاک فضائیہ

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر میں پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال کے پیش نظر پاک فضائیہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے عمل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

پاک فضائیہ کا ہوائی بیڑہ اور ہیلی کاپٹرز سیلاب متاثرین کے محفوظ انخلاء سمیت اشیائے خوردونوش اور طبی سامان کی بذریعہ ائیر ڈراپ ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے فلڈ ریلیف کیمپوں میں مسلسل طبی امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 22,785 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 250 پانی کی بوتلیں اور 1380 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کئے۔

مزید براں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں میڈیکل ٹیموں نے 1389 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔