کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان ریسانی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے جنگی طیارے زمین بوس کرکے مودی سرکار کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو اپنے بیان میں کیا۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان ریسانی نے کہا کہ آج بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور افواج پاکستان کے شابہ بشانہ کھڑی ہے، ہم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دشمن کو پیغام دیتے ہیں کہ مودی کی جارحیت کا پاک فوج نے فیصلہ کن اور بروقت جواب دےکر پوری قوم کو سرپرائز دے دیا ہے۔
انھوں نےکہا کہ رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے پاکستان کی سویلین آبادی کو نشانہ بناکر کھلی جارحیت مسلط کی گئی تاکہ پاکستان کو جھکانے اور کمزور دکھانےکی کوشش کی جائے لیکن دشمن یہ بھول گئے ہیں کہ پاکستان وہ مادر وطن ہے جس کی افواج اس وقت جاگتی ہیں جب دشمن کی فوج سو رہی ہوں ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان ریسانی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن جب بات معصوموں کے خون اور مادر وطن کے دفاع کی ہو تو پھر ہر پاکستانی شہری ایک سپاہی کے طور پر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593876