پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےچین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

286

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےچین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے کئی اہم شعبوں اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل کنسٹرکٹ کے مطابق فضائی، خلائی اور سائبر اسپیس کے شعبوں میں عصرحاضرکی جنگی آپریشنل صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی مہم کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا۔

ائیر چیف نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بے مثال سٹریٹیجک شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور پیپلزلیبریشن آرمی ائیر فورس کے مابین موجود دوطرفہ عسکری اور تربیتی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ائیر چیف کا مزید کہنا تھا کہ، "پاکستان چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں غیر متزلزل اور بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہے۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا. دونوں شخصیات نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور عسکری صنعت سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ معزز سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت بھی کی۔