22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںپاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے...

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی کی ملاقات

- Advertisement -

راولپنڈی۔1ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین کے ساتھ دوطرفہ فوجی تعاون خاص طور پر مشترکہ تربیت اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے کلیدی شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ فریقین نے ایک متحد ٹیم کے طور پر مشترکہ تربیت اور اجتماعی ترقی پر زور دیتے ہوئے عسکری سطح پر تعلقات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ائیر چیف نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مثالی عسکری تعلقات سے ظاہر ہوتے ہیں۔

ملاقات کے دوران فضائیہ کے سربراہ نے دوطرفہ فوجی تعاون خاص طور پر مشترکہ تربیت اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے حوالے سے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم پر مضبوطی سے قائم ہیں۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر ملکی اور تکنیکی ترقی میں نمایاں پیشرفت کو سراہا۔ بحرین ایئر فورس کی آپریشنل تیاری کو بڑھانے کے لئے کثیر جہتی آپریشنز میں علم کے اشتراک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربے سے سیکھنے کے مقصد کے ساتھ ملٹی ڈومین وارفیئر کے مکمل طریقہ کار کے بارے میں گہری بصیرت حاصل کرنے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے بحرین کے پائلٹوں اور انجینئروں کے لئے تمام سطحوں پر مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ چیف آف سٹاف بحرین ڈیفنس فورس نے پی اے ایف کی خود انحصاری کی کوششوں کو سراہا اور خاص طور پر جدت طرازی اور جدید مقامی صلاحیتوں کی تعمیر میں نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔چیف آف دی ایئر سٹاف اور چیف آف سٹاف بحرین ڈیفنس فورس کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کی عسکری شراکت داری کو مضبوط بنانے، تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں