
اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے لیکن ہمارا عزم غیر متزلزل اور مقصد بالکل واضح ہے، ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے، ہم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ وہ بدھ کو بحیثیت مہمان خصوصی پی اے ایف بیس سمنگلی (کوئٹہ) میں ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے آج ایک اور سنگ میل عبور کیا جب فخر پاکستان جے ایف 17تھنڈر سے لیس ایک نئے ملٹی رول سکواڈرن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سکواڈرن کو نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کا نام دیا گیا ہے جس کا نعرہ ہے ”خودی کو جس نے فلک سے بلند تر دیکھا“۔ اس موقع پر ائیر چیف کو بیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے اس سکواڈرن کے آفیسر کمانڈنگ ، ونگ کمانڈر عامر عمران چیمہ کو سکواڈرن کا نشان عطاءکیا۔ تقریب کو یاد گار بنانے کےلئے چار جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا۔