راولپنڈی۔13نومبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انسپکٹر رائل مراکش ایئر فورس کے میجر جنرل محمد گادیح نے ملاقات کی جس میں عسکری تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں اشتراک کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر پاکستان ایئر فورس کے ایک چاق چوبند دستے نے میجر جنرل محمد گادیح کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران چیف آف دی ایئر سٹاف نے انسپکٹر رائل مراکش ایئر فورس کو پاکستان کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا اور دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوئے مشترکہ تربیت کے ذریعے عسکری شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مراکش ایئر فورس کے عملے کے لئے بنیادی اور حکمت عملی کی سطح پر تربیتی تعاون فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔
دونوں شخصیات نے تربیتی پروگرام، مشترکہ فوجی مشقیں اور صنعتی تعاون پر توجہ دیتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔میجر جنرل محمد گادیح نے پاکستان ایئر فورس کی تکنیکی ترقی کی تعریف کی اور پاکستانی فضائی صنعت کی پیشرفت سے مراکش ایئر فورس کی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے دورے کے دوران جدید تکنیکی نظام کا مشاہدہ کیا اور صنعتی شعبے میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ مہمان شخصیت نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مختلف تنصیبات کا بھی دورہ کیا جس میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ شامل ہیں۔