پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے نائیجیرین سفیر کی ملاقات

110

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے نائیجیریا کے سفیر محمد بیلو ابیوئے نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں معززین نے پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق نائیجیریا کے سفیر محمد بیلو ابیوئے نے پیشہ وارانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نےکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔