اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ساؤتھ افریقہ فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیبین سیانگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ٹریننگ اور دیگر پیشہ وارانہ شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ ساؤتھ افریقن فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور اس کی خود انحصاری کے حصول کی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں فضائی سربراہان نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اسے نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں ایئر چیف کی ساؤتھ افریقن فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔