لاہور۔12مارچ(اے پی پی )طیارہ حادثے میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،جمعرات کے روز شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی نماز جنازہ عسکری ٹین میں ادا کی گئی، نماز جنازہ معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے پڑھائی اور خصوصی دعا کرائی،جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، ایئر فورس سمیت دیگر عسکری افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نعمان اکرم شہید کی تدفین تک وہاں پر موجود رہے اور شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑ ھانے کے بعد انکے بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ، ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا،ونگ کمانڈر نعمان اکرم کا طیارہ گزشتہ روز اسلام آباد میں گر کر تباہ ہو گیا تھا،شہید ونگ کمانڈر کی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔