پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن (ر) سیف الاعظم انتقال کرگئے، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا اظہار تعزیت

172

اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) پاکستان ایئر فورس کے آسمانوں کے شاہین تسلیم کئے جانے والے گروپ کیپٹن (ر) سیف الاعظم انتقال کرگئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ سیف الاعظم 1941ء میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1960ء سے 1971ء تک پاکستان ایئر فورس میں بطور فائٹر پائلٹ خدمات انجام دیں۔ سیف الاعظم نے 1965ء کی جنگ میں بھارتی طیارہ مار گرا کر پاکستان کے دفاع میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا تھا۔ اسرائیلی اور بھارتی طیاروں سمیت پانچ طیاروں کو نشانہ بنانے پر انہیں ایس ACE بھی قرار دیا گیا تھا۔ گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سیف الاعظم 1971ء کے بعد بنگلادیش کی فضائیہ میں شامل ہوگئے تھے اور 1989ء تک خدمات انجام دیں۔ سیف الاعظم کو پاکستان اور بنگلادیش کے علاوہ اردن اور عراق کی فضائیہ کے لیے بھی طیارے اڑانے کا اعزاز حاصل تھا۔ ان کا طرہ امتیازیہ تھا کہ انہوں نے اسرائیل کے سب سے زیادہ یعنی چار طیارے مار گراکر تاریخ رقم کی تھی۔ سیف الاعظم نے 1967ء کی عرب اسرائیل جنگ میں اردن اور عراق کی جانب سے فضاؤں کا جو بے مثل دفاع کیا تھا وہ زبان زد عام ہے، چار طیارے مار گرانے کا ان کا یہ اعزاز 2012ء تک قائم رہا تھا۔ وہ ایک ایسے فائٹر پائلٹ تھے جنہیں ٹاپ گن ٹرافی سے بھی نوازا گیا اور2001ء میں امریکی حکومت نے انہیں لیونگ ایگل قرار دیا تھا جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا۔گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سیف الاعظم کا انتقال گزشتہ روز 14 جون کو ہوا تھا۔