30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںپاک فوج،ضلعی انتظامیہ اورمقامی افراد نے بٹگرام میں چیئرلفٹ میں...

پاک فوج،ضلعی انتظامیہ اورمقامی افراد نے بٹگرام میں چیئرلفٹ میں پھنسے ہوئے بچوں کومل کر ریسکیو کیا،ملک سے انتہائی پسندی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھا ڑ پھینکیں گے،نگران وزیراعظم

- Advertisement -

کراچی۔23اگست (اے پی پی): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج،ضلعی انتظامیہ اورمقامی افراد نے بٹگرام میں چیئرلفٹ میں پھنسے ہوئے بچوں کومل کر ریسکیو کیا،کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے اداروں کی استعداد کار میں مزید اضافہ کرنا ہوگا،ملک سے انتہائی پسندی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھا ڑ پھینکیں گے، اپنے شہداکی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاک فوج،ضلعی انتظامیہ اورمقامی افراد نے مل کر پھنسے ہوئے بچوں کو ریسکیو کیا، سکول کے بچوں نے جس بہادری کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے،بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن کی کامیابی پر بڑی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی استعدادکار میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، پاک فوج کے ریسکیو آپریشن نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا، ان بچوں کو ریسکیو کرنا اصل مسئلہ تھا، سوشل میڈیا پر اس معاملہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پاک فوج کے جوان شہید ہوئے ، جنگیں کوئی فرد نہیں، فوجیں لڑتی ہیں، پاکستان کسی صورت میں دہشت گردی ، انتہا پسندی اورعدم برداشت کے خلاف سرنڈر نہیں کرےگا ،ہم اس کا ہر صورت مقابلہ کریں گے، ہم اپنے گھر کو اپنے انداز سے چلائیں گے ،کسی کو غلط فہمی ہے کہ اس طرح کی حرکتوں سے ہمارے حوصلے پست ہوں گے، وہ اپنی غلط فہمی دور کرے، ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولیں گےاور نہ ہی ان کی حرمت اور قربانی کو بھولیں گے اور مستقبل میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکس محصولات سے پیسہ اکٹھا کرتے ہیں اور اس سے نظام چلاتے ہیں ، ہم کسی خیرات میں یہ لڑائی نہیں لڑرہے ، جنوبی وزیرستان اورکنٹرول لائن یا کوئی اورجگہ ہو پاک فوج اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان صرف تنخواہ کےلئے نہیں کام کرتے بلکہ انہیں عزت واحترام ملتا ہے جس کےلئے وہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، ان کی ضروریات پوری کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ غدر مچانے والے خارجیوں کےلئے واضح پیغام ہے کہ وہ کچھ عرصہ تو لڑ سکتے ہیں لیکن طویل عرصہ لڑائی کی سکت ان میں نہیں، یہ غلط فہمی کا شکار ہیں ، انہیں معلوم نہیں کہ ان کا واسطہ کس سے پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بدنما خود کش حملہ آوروں سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ، وزیرستان یا ملک کے دیگر حصوں میں قربانیاں پیش کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کےلئے اللہ تعالیٰ کا بڑے اجر کا وعدہ ہے۔ انہوں علماکرام سے سوال کیا کہ کیا کسی بھی پیغمبرنے خودکش حملے جیسا کوئی عمل کیا؟ ان گمراہوں کے خلاف لڑائی جاری رہے گی، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں راہ راست پر لے آئیں ۔اگر ایسا نہ ہوا تو ان سے ملک کے قانون کے مطابق عزم حق کے تحت نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ معصوم لوگوں کی جانیں لینے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی،اگر کوئی ایسی مذموم حرکت کرے گا تو اس کو منہ توڑ جواب ملے گا۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=381740

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں