لاہور۔4مئی (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اگر پاک بھارت صورتحال بگڑی اور میدان لگا تو انشااللہ دشمن کے دانت کھٹے ہوں گے اور 60برس قبل 1965 میں جم خانہ کلب لاہور میں چائے پینے کی خواہش کی طرح بھارتی سورماؤں کواب پھر نا کامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار عبدالعلیم خان نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ارض وطن کی حفاظت کے لیے ہمیشہ تیار ہے اور گلی کوچوں سے "اے وطن تو نے پکارا "کے نعرے بلند ہوں گے اور ہر محب وطن پاکستانی اپنی فوج سے بھی دو قدم آگے کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ دو ہفتوں سے اپنے ہی گرداب میں پھنسا ہوا ہے، اقوام عالم میں تنہائی کے بعد اب جگ ہنسائی دشمن کا مقدر ہے کیوں کہ پاک فوج کو اپنی خدا دادصلاحیتوں،جرات و بہادری کے باعث دشمن پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔عبدالعلیم خان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئی پی پی حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا پارٹی سیکرٹریٹ میں آمد پر صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، ایم پی اے و جنرل سیکرٹری پنجاب شعیب صدیقی، نائب صدر پنجاب میاں جنید ذوالفقار، صدر لاہور آئی پی پی ملک زمان نصیب اور سابق ایم پی اے ہارون عمران گل نے استقبال کیا جبکہ آئی پی پی شعبہ خواتین اور سٹوڈنٹس فورم کے عہدیداروں نے بھی وفاقی وزیر کا خیر مقدم کیا۔
این اے 117 سے مختلف یونین کونسلوں سے بلدیاتی نمائندوں، سابق کونسلرز اور سیاسی و سماجی رہنماوں کی بڑی تعداد نے عبدالعلیم خان سے ملاقاتیں کی اور شاہدرہ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کا موں کی تکمیل پر تشکر کا اظہار کیا اور بالخصوص جی ٹی روڈ کی تعمیر و تزئین و آرائش، سیوریج کے دیرینہ مسائل، پاکستان پوسٹ آفس کی اپ گریڈیشن، مختلف سڑکوں کی تعمیر اور بجلی،پانی و گیس کی مشکلات کے خاتمے کو سراہا ۔
اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے انہیں پارٹی پرچم پہنائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592387