راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):پاک فوج کے ایوی ایشن کے پائلٹس نے اتوار کو انتہائی خطرناک اور چیلنجنگ صورتحال میں کوہستان میں سیلاب میں گھرے ایک شخص کو بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کوہستان انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو کے لیے ہنگامی کال کی گئی تھی۔ فوری طور پر جواب دیتے ہوئے، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) منگلا ڈویژن اور کمانڈر منگلا بریگیڈ جو کہ پتن کے قریب فلڈ اسیسمنٹ مشن پر تھے، قیمتی جان بچانے کے لیے اصل پرواز سے ہٹ گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اگر وہ وقت پر نہ پہنچتے تو اس شخص کے ڈوبنے کا خدشہ تھا۔ پائلٹس نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو نیچے اتارا اور افسران اور عملے نے اس شخص کو بحفاظت نکال لیا ۔
پاک فوج اور آرمی ایوی ایشن اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بری فوج کے سربراہ کے وژن کے مطابق اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بچانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے، پاکستانی عوام ہماری ترجیح ہے اور ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر فرد تک رسائی اور مدد نہیں پہنچ جاتی۔