پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تیار ہے ،ای پاسپورٹ پر کام ہو رہا ہے ، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

75

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، کسی دہشت گردتنظیم نے سراٹھایا تو اس کو کچل کر رکھ دیں گے،ای پاسپورٹ پر کام ہو رہا ہے اور پاکستان اس حوالے سے پہلا ملک ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزارت داخلہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز سبوتاژ کرنے کے افسانے کی حقیقت کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دستانے والے ہاتھ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں پوری دنیا کے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں سائبر کرائم بڑھ رہے ہیں،ایف آئی اے کو سائبر کرائم کے حوالے سے ایک لاکھ درخواستیں مو صول ہوئی ہیں ، سائبر کرائمز کی روک تھام کے لئے 2 ارب کے فنڈ جاری کررہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا نے 75 لاکھ لوگوں کوکورونا ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کئے، ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفیکیٹس کےمعاملے پر نادرا کا کوئی قصور نہیں ۔ انہو ں نے کہا کی بد قسمتی ہے کہ بعض عناصر کی طرف سے ملک کے شناختی کارڈز، ویکسی نیشن اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آن ارائیول ویزے کی سہولت 50 ممالک سے بڑھا کر 65 کرنے جارہے ہیں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی سکیورٹی کے لئے 15 مزید فیچرز لارہے ہیں، ای پاسپورٹ پر کام ہورہا ہے اور پاکستان خطے میں ای پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔

ایک افغانستان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان سے افغانستان جانے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے یقین ظاہر کیا کہ2023 کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے،

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مفاہمت کی فضا ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں جواچھی بات ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات شفاف ہوں گے،

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ انتشار اور جوڈو کراٹے سے برباد ہوگی، آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کے لئے ایک نیا سیاسی ماحول ہوگا۔ شہباز شریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہےمسلم لیگ (ن)کے 2 کی بجائے 3 گروپ بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جا رہی ہے، اسلام آباد میں 4 قتل پراپرٹی کے تنازعہ پر ہوئے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں، اگر کسی نے کسی دہشت گردتنظیم نے سراٹھایا تو اس کو کچل کر رکھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد حساس علاقہ ہے اور دنیا کا میڈیا یہاں موجودہے، یہاں انتشار کی اجازت نہیں دیں گے