اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان آرمی کو قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کا مضبوط محافظ قرار دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات پر سامنے آیا ہے۔چینی وزارت خارجہ نے وانگ ای کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک-چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے۔ وانگ یی نے کہا کہ "پاکستان آرمی دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ہونے والی اہم مشترکہ تفہیم کو عملی شکل دینے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی غیر یقینی صورت حال کے موجودہ دور میں پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانا خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی مفید ہے۔وانگ یی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ چین نے اپنی ہمسائیگی کی ڈپلومیسی میں ہمیشہ پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں اور ان دونوں کے درمیان ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم ہو چکی ہے۔
چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے موقع پر کہا کہ چین پاکستان کا”آہنی دوست”ہے، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں، پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پاکستانی قوم کا متفقہ مو قف ہے۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پرچین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سیکیورٹی کوآپریشن کو فعال طور پر بڑھانے کے لیے تیار ہے اور پاکستان میں موجود چینی شخصیات، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی ۔