اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام سربلند کیا ہے، پوری دنیا ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہو گئی ہے، ہماری افواج نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین اور پروفیشنل فورس ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ وہ منگل کو ”اے پی پی” کو خصوصی انٹرویو دے رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک بدنیت اور بزدل انسان ہے، مودی نے بھارتی عوام کی خوشحالی کیلئے جو رقم صرف کرنا تھی وہ اس نے پاکستان کے خلاف جنگ میں جھونک دی ، بھارتی عوام، وکلا اور صحافی ان سے سوال کریں کہ بھارت کے کروڑوں ڈالر کیوں ضائع کئے گئے ہیں۔ شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ نریندر مودی کی خام خیالی تھی کہ وہ جارحیت کرکے پاکستان کو فتح کر لے گا لیکن مودی بزدل انسان ہے، بزدل ہمیشہ رات کی تاریکی میں حملہ کرتے ہیں، ہماری مساجد اور مدارس پر حملہ کیا گیا جس میں بے گناہ شہری شہید ہوئے اور افواج پاکستان کے جوان زخمی ہوئے۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر جو حافظ قرآن اور ملکی تاریخ کے انتہائی دلیر سپہ سالار ہیں، کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بروقت فیصلے لے کر ملکی حفاظت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک فوج کو مکمل اختیار دیا کہ ملک کی حفاظت کیلئے جو ضروری اقدامات ہیں وہ فوری اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب قیادت دلیر ہو اور سپہ سالار بہادر ہو تو مخالفین کو ناکوں چنے چبوا دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص” جس نے بھی نام رکھا اسے میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بھارتی عوام پر حملے نہیں کئے ،صرف ان کی فوجی تنصیبات کو اس طرح نشانہ بنایا گیا ہے کہ جس سے نریندر مودی کو سنبھلنے میں وقت لگے گا۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ انہوں نے سرحدی علاقہ کا دورہ کیا جس میں انہیں بتایا گیا کہ 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی جو کہ مزدوری کرتا تھا وہ بھارتی حملوں میں شہید ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ دیگر وزرا نے گذشتہ روز سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا، اس دوران زخمی جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج رات کو جاگتی ہیں تو ہمارے عوام سکھ کا سانس لے کر سوتے ہیں، رات کی تاریکی میں بزدل بھارت نے جب حملہ کیا تو ہماری مسلح افواج چوکس تھیں اور ان کی بروقت کارروائی نے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فوج اور اداروں کے ساتھ لوگوں کی، ہماری مائوں بہنوں کی، علما کرام سمیت تمام ملک کے شہریوں کی دعائیں ہیں اس لئے اللہ پاک نے ہماری فوج کو دشمن کے سامنے سرخرو کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حلقہ انتخاب بھی بارڈر کے قریب ہے، میں نے وہاں کا بھی دورہ کیا، وہاں کے بچے، بوڑھے اور نوجوان سب کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ہمیں اسلحہ فراہم کیا جائے تاکہ ہم دشمن فوج کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی ہماری فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتا کیونکہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور جنگ پر جانے سے پہلے ہمارے نوجوانوں نے وصیتوں پر دستخط خود کئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ اب متحد ہونے کا وقت ہے، تمام پاکستانی یکجا ہو کر دشمن کا مقابلہ کریں جس پر پوری قوم نے لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں، علما کرام اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو پاک فوج کے ساتھ سرحدوں پر ملک کی حفاظت کیلئےشانہ بشانہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے علم میں ہے کہ کراچی اور پشاور کے نامور علما ملکی دفاع کیلئے واہگہ بارڈر پر موجود تھے۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ابھی تو بھرپور جواب نہیں دیا، یہ ایک ٹریلر تھا، جب جواب دیا جائے گا تو بھارت زندگی بھر اسے یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے بروقت فیصلوں اور مدبرانہ سوچ کی بدولت دشمن کو وہ جواب دیا گیا ہے جس کی وہ امید نہیں کر رہا تھا۔
شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کشمیری عوام پر ظلم کر رہا ہے، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کے دوران دھاندلی کرائی، وہاں کے مقامی لوگوں کی اکثریت ختم کرنے کیلئے باہر سے لوگ آباد کئے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا ہوا ہے، انٹرنیٹ بند ہے لیکن اسے یہ نہیں پتہ کہ اللہ بہت بڑا ہے، کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں کی کشمکش کے باعث میں سمجھتا ہوں کہ اللہ پاک نے کشمیر آزاد کرانے کا ذریعہ بنایا ہے، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، ہمارے دل کے بہت قریب ہے اور پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ جلد آزاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کشمیر کا نام سننا پسند نہیں کرتے تھے آج وہ بھی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی باتیں کر رہے ہیںِ، موجودہ کشیدگی کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، اللہ پاک سپر پاور ہے اور مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آرمی چیف اور وزیراعظم کی قیادت میں مسئلہ کشمیر حل ہو گا، انشا اللہ جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان کی دھمکی سے ڈرتا ہے، اس لئے اس نے ہمارے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی ہمارا حق ہے، اس کو روکنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے، پانی اگر روکا گیا تو اس کو کھلوانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا منافق اور سازشی دشمن ہے، جھوٹا ہمیشہ چھپ کر وار کرتا ہے، ہم نے دن کی روشنی میں اس کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں بسنے والے ہمارے مسلمان بھائی ہیں اور ہم ان کے دکھ درد میں شریک ہیں اور ان کی حفاظت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تین روپے فی یونٹ بجلی، 2 ہزار روپے من آٹا اور دانش سکول سمیت کئی فلاحی کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور مجھے ہدایات کی ہیں کہ ہم شہدا اور زخمیوں کے گھروں میں جا کر ان سے اظہار تعزیت کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596584