کوئٹہ۔ 08 مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے بھارت کے پاکستان پر حملے کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کے 5طیارے اور 25ڈرون گرا کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیارہے،پاکستانی عوام بھارت کو بتادینا چاہتے ہیں کہ عوام پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔
مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ رات کی تاریکی میں سویلین آبادیوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دشمن کو پاکستان کی مسلح افواج نے دندان شکن جواب دیا۔
پاکستان کی بہادر افواج نے چند منٹوں میں بھارت کا غرور اور تکبر خاک میں ملا دیا اورپاکستان کی مسلح افواج نے بہادری اور دلیری کی نئی تاریخ رقم کر دی،پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے پاکستان امن چاہتا ہے لیکن دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔
بھارت جارحیت پر ملنے والے منہ توڑ جواب سے سبق حاصل کرے ہندوستان کو بھرپور جواب سے واضح ہوگیا کہ پاکستان کو آزمانے والوں کو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے دشمن کے ہر وار کا جواب دوگنا شدت سے دیا جائے گاہماری خاموشی کو کمزوری سمجھا گیا مگر قوم جاگ چکی ہے، فوج تیار ہے اور دشمن کو اب پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے 2روز کے دوران بھارت کے25ڈراؤن مار گئے ہیں جو پاک فوج کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہری کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594474