اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ 6 ستمبریوم دفاع پاکستان دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے اورقومی جرأت و بہادری کا دن ہے،6 ستمبر کو دشمن ملک کی افواج نے بین الاقوامی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آدھی رات کو مملکت پاکستان پر حملہ کر دیا تھا،افواج پاکستان اور بہادر عوام ملک کے تحفظ و سلامتی اور آزادی کے لئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بھارتی افواج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے اور دشمن ملک کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔
سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہادر،جرأت مند اور مضبوط ترین افواج میں شمار ہوتی ہے جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ اقوام عالم کے امن مشن اور انسانیت کی بھلائی کیلئے متعدد بار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے جس نے دہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود کرنے کا نہ صرف عزم کر رکھا ہے بلکہ اس کیلئے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشن شروع کر کے دہشت گردوں کو تباہ و برباد کیا، ملک کے امن اور سلامتی کیلئے بے شمار جوانوں نے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،ملک کی بہادر افواج نے نہ صرف ملکی سلامی اور تحفظ کو یقینی بنایا ہے بلکہ ہر مشکل وقت میں اپنی قوم کی بھر پور معاونت کی ہے،ماضی میں زلزلے اور بارشوں اور حالیہ دنوں میں سیلاب کی صورتحال میں پاک فوج کی امداد ی سرگرمیاں فقیدالمثال ہیں جس کیلئے پاک فوج کی موجودہ قیادت اور جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں، جس طرح پوری قوم ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کے ساتھ ہے اُسی طرح پاک فوج نے اپنے ہم وطنوں کی ہمیشہ ہر مشکل وقت میں بھر پور مدد کی ہے۔
افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اور پاک سر زمین کے تحفظ کیلئے جتنی قربانیاں دیں اس کی اقوام عالم میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب فوج کے سپوتوں کو ان کی قربانیوں اور جرات و بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں اور آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں اتحاد و یگانگت کا عزم کرنا ہوگا اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے افکار کے مطابق ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور سالمیت کیلئے ہمیں یک جان ہو کر کام کرنا ہوگا اور ملک کے مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینا ہوگی تاکہ ملک ترقی و خوشحالی راہ پر گامزن ہو سکے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ پاک فوج نے ملکی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے احسن اقدامات اٹھائے۔ زلزلے اور بارشوں و دیگر آفات کے دنوں میں پاک فوج کی عوام کیلئے خدمات قابل تحسین ہے۔