اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں سینکڑوں افراد اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق اٹاری، ہیڈ سلیمانکی، رینالہ خورد، جندراکہ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، سیلابی پانی کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے،
پاک فوج نے کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کیا۔ پاک فوج اور سول انتظامیہ نے متاثرین سیلاب کے لیے امدادی کیمپس قائم کر دیے ہیں اور متاثرین کو کپڑے، ادویات اور راشن کی فراہمی جاری ہے۔ فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کر دیے ہیں،اس کے علاوہ بزرگ شہریوں ، خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ متاثرین نے پاک فوج کے کردار کو سراہا ہے۔