پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دے گی ،کشمیر میں ظلم و جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا

81

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے قوم کو یوم دفاع پاکستان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دے گی،کشمیر میں ظلم و جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی ۔ جمعہ کوسلیم مانڈوی والا نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا یادگار دن ہے اس روز ہماری بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے،ہم پاک فوج کے شہدا ء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی بہادری کو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔پاک فوج وطن سرحدوں کے لیے ہر وقت تیار ہے مودی حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کشمیر میں ظلم و جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی اور کشمیر بنے گا پاکستان انشاء اللہ۔