28.2 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت...

پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو بھرپور جواب دیا جائیگا، وزیراعلی بلوچستان

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ،جو بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے بھرپور جواب دیا جائے گا ۔گزشتہ شب بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز حملہ کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھارتی لڑاکا طیاروں کو کامیابی سے مار گرایا اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ۔بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام رائزنگ بلوچستان اینڈ یوتھ انویشنز کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارت دہشتگردانہ عزائم رکھنے والا ملک ہے جو بلوچستان میں بھی دہشتگرد تنظیموں کو سپورٹ کرتا ہے ،بلوچستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری اور مواقعوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے قدرتی وسائل ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اپنی جانب راغب کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں وقت کے ساتھ جدت آئی ہے اور آج کل کے جدید دور میں ڈیجیٹل پریس کا کردار مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے صوبے کے مثبت عکس کو اجاگر کریں اور اپنی توانائیوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں صوبے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بہت جلد ڈیجیٹل میڈیا پالیسی لا رہی ہے تاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا صوبے کی تعمیر و ترقی اور پیشہ ورانہ استعمال ہو سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ڈیویلپمنٹ کا بجٹ 200 ارب روپے ہیں جو کہ صوبے کے رقبے کے حساب سے یقیناً قلیل ہیں لیکن موجودہ صوبائی حکومت ڈویلپمنٹ کے لیے مختص تمام صوبائی بجٹ کا بطریق احسن استعمال کر رہی ہے اور رواں سال جون تک تمام تر ترقیاتی بجٹ استعمال میں لایا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباء و طالبات ، شہداء اور مزدور کے بچوں کے لیے بے نظیر سکالرشپ کا آغاز کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے منصوبے بھی شروع کیے ہیں جن پر بھرپور انداز سے عمل درآمد جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اخوت کے اشتراک نوجوانوں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے اسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں ،صوبائی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی تعلیم کے فراہمی پر یقین رکھتی ہے جو انکے لئے ملک اور دنیا کے کسی بھی حصے میں روزگار کی فراہمی میں معاون ثابت ہوسکے ۔اس موقع پر تقریب میں موجود طلباء اور طالبات نے وزیر اعلیٰ سے سوالات بھی کئے جن کے وزیر اعلیٰ نے تفصیلی جوابات دیئے ۔قبل ازیں تقریب سے وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل ، وائس چانسلر بیوٹٹمز ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید ، پارلیمانی سیکریٹریز عبدالمجید بادینی اور میر لیاقت لہڑی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593996

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں