پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں تیزی ، سیلاب متاثرین میں5487 راشن پیک اور 1200 سے زائد خیمے تقسیم

165
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔27اگست (اے پی پی):گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں میں تیزی آئی اور سیلاب متاثرین میں5487 راشن پیک اور 1200 سے زائد خیمے تقسیم کئے گئے، اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے گزشتہ 24 گھنٹوں کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق اس دوران سیلاب متاثرین میں5487 راشن پیک اور 1200 سے زائد خیمے تقسیم کئے گئے ، اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جبکہ اس کے علاوہ ملک بھر میں 117 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔

آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سنٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے تحت قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد فوج کی سطح پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو مربوط کرنا ہے۔ امدادی اشیا کی وصولی اور تقسیم کے سلسلے میں کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ملک بھر میں آرمی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کی سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ہلکی اور درمیانے درجہ کی موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں اور مالم جبہ (58 ملی میٹر) میں سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔ اس وقت دریائے جہلم، راوی، چناب اور ستلج معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں جبکہ دریائے سندھ اٹک میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سکھر، چشمہ، گڈو اور کوٹری میں درمیانے درجے کا سیلاب ، تربیلا اور کالاباغ میں نچلے درجے کا سیلاب، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں انتہائی اونچے اور ورسک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور دریائے سوات میں منڈا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ اماندرا میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ڈی جی خان، راجن پور، بلوچستان کے متاثرہ اضلاع میں خضدار، سبی، نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، لسبیلہ، صحبت پور اور موسی خیل، سندھ کے متاثرہ اضلاع میں ٹنڈو الہ یار، خیرپور، بدین، دادو، سکھر، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی اور لاڑکانہ ، کے پی کے متاثرہ اضلاع میں ڈی آئی خان، ٹانک، سوات، نوشہرہ اور چارسدہ شامل ہیں۔گلگت بلتستان کے متاثرہ اضلاع میں گلگت، ہنزہ اور غذر شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک فوج نے متاثرہ اضلاع اور علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں اب تک 1200 سے زائد خیمے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اس وقت پاک فوج کے 7522 جوان 50 کشتیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں جبکہ 25 فیلڈ میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں اب تک 25 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں 117 ریلیف کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے تحت قائم کردیا گیا ہے جس کے تحت ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو آرمی کی سطح پر امدادی سامان اکٹھا کرنے اور تقسیم کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔