وانا۔28جنوری (اے پی پی):جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے لگائے گئے چلغوزے کے باغات سے عوام کے معاشی حالات میں مثبت تبدیلی آئی ہے، چلغوزے کے باغات اور تجارت سے مقامی عوام کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں 2022 میں عیدالفطر کے موقع میں ریکارڈ کیے جانے والے کلپ کو منفی رخ دے کر پاک فوج کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا کی ویڈیو میں دکھائے جانے والے باغات دراصل جنوبی وزیرستان میں قائم کردہ امن کا ثبوت ہے اور کامیاب منصوبوں کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر ڈسٹرکٹ محمد ناصر خان نے 2023 میں بتایا تھا کہ چلغوزہ بیرون ممالک بھیجا جاتا ہے جس کی بدولت مقامی لوگوں کو تقریباً 14 ارب روپے سالانہ آمدنی ہوتی ہے اور ایک پروسیسنگ پلانٹ بھی لگایا جا رہا ہے جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور علاقے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
جنوبی وزیرستان کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کا چلغوزے کا کاروبار باہمی مشاورت اور قانونی چینلز کے ذریعے ہو رہا ہے جس سے نہ صرف مقامی علاقوں بلکہ لوکل ڈیلرز کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ملک کی معیشت کے لیے بھی ایک بڑا مثبت اقدام ہے۔ پاک فوج کے یہ اقدامات دہشت گردی کے خلاف ان کے کامیاب آپریشنز کا نتیجہ ہیں جن کی وجہ سے وزیرستان میں امن قائم ہوا اور مقامی لوگوں کو ایک بہتر زندگی فراہم کی گئی۔