راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):پاک فوج کی جانب سے ضلع راجن پور میں فضائی امدادی آپریشن کیا گیا،متاثرین کو راشن بیگز اور ٹینٹ کی شکل میں امداد فراہم کی گئی۔اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان آرمی نے لیہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں بھی ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھا۔
پاک فوج کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو خواتین اور بچوں سمیت ان کے سامان سمیت بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ریلیف کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کو پکا ہوا کھانا اور خشک راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔پاک فوج سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے جس میں فوج کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپوں میں فوری طبی امداد بھی شامل ہے۔