پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

238

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز `اے پی پی` سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خیبر پختو نخوا کے شہر بنوں میں کاؤنٹر ٹیررسٹ ڈیپارٹمنٹ کمپلیکس میں دہشت گردوں کے خلاف موثر آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے اور منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ انہوں نے پاک فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کے شہری محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قوم ہر طرح سے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے ملک کے ہر کونے میں ریاست مخالف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے علمائے کرام اور مشائخ کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ بنوں میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔