راولپنڈی۔16اکتوبر (اے پی پی):پاک فوج نے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کے لئے پاکستان آرمی کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سے چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سر گرم ہیں۔
اس سلسلے میں سال 2021 میں اب تک چنن پیر ، چک 75 DNB، چک ,121 ڈی این بی کھتری بنگلہ ،دین گڑھ ، چاہ ناگراں، چاہ ملکانہ ، کالا پہاڑ ،احمد پور ایسٹ، منچن آباد اور چشتیاں میں فری میڈیکل اور آئی کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے جن میں تقریباً 12000 افراد کو فری طبی سہولیات مہیا کی جا چکی ہیں۔
اس فلاحی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے تحصیل ہسپتال فورٹ عباس میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سیلانی انٹرنیشنل ویلفئیر ٹرسٹ کی وساطت سے فری میڈیکل، آئی سرجیکل کیمپ مورخہ 12 سے 17 اکتوبر 2021 تک جاری ہے۔
اس کیمپ میں غریب اور نادار مریضوں کے لئے امراض چشم کی تشخیص و علاج اور مفت لیزر آئی سرجری کے ذریعے موتیے کا علاج کیا جارہا ہے۔ نیز ضرورت مند افراد کو مفت چشمے اور ادویات بھی مہیا کئے جارہے ہیں۔
مورخہ 15 اکتوبر 2021 کو کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے بھی اس آئی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ کور کمانڈر نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو اس کیمپ سے مستفیض کیا جائے۔