پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے قابل رشک قربانیاں دی ہیں، پوری قوم ان کی مقروض ہے، شیخ رشید احمد

67

سیاچن (گیاری )۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے قابل رشک قربانیاں دی ہیں، پوری قوم ان کی مقروض ہے۔ جمعہ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاچن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گیاری میں برفانی تودے کے حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آپ پر فخر ہے، آپ کی قربانیوں سے پاکستان قائم ہے، ملکی دفاع میں پاک فوج نے قابل رشک قربانیاں دی ہیں، پوری قوم پاک فوج کی لازوال قربانیوں کی مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاچن میں فرنٹ پوسٹ پر پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات میرا ایک دیرینہ خواب تھا، خدا کا شکرگزار ہوں کہ میری یہ خواہش پوری ہوگئی۔ وزیرِداخلہ کو گیاری تودہ حادثے پر بریفنگ بھی دی گئی اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔سیاچن دورے کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گیانگ کا بھی دورہ کیا۔