پاک فوج کے خلاف مبنی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،وزیراعظم آزاد کشمیر

54
وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیرصدارت بجٹ کےحوالے سے اعلی سطح کا اجلاس

نیلم۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مفروضات پر مبنی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پاک فوج کے بہادر جوان ہم سب کو محفوظ بنانے کیلئے ملکی سرحدوں اور پہاڑوں پر اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں ۔ ہمیں مسلح افواج کے ان نوجوانوں کی قربانیوں کا ادراک کرنا ہوگا۔مسلح افواج کی قدر ان ممالک سے پوچھئے جن کی افواج کمزور ہوئیں اور اس کے بعد ان معاشروں کا جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔

شاہراہ نیلم کی تعمیر کیلئے پچھلے عرصے میں 1 ارب 15 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ دسمبر سے پہلے شاہراہ نیلم کا 90 فی صد کام مکمل ہو جائے گا۔ شاہراہ نیلم کی تعمیر سے سیاحت اور دیگر شعبوں میں ترقی ممکن ہو گی۔نیلم کے وسائل نیلم کی عوام کا حق ہیں ان کو ہر صورت عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔ نیلم میں موجود سیاحت اور ہائیڈل کے پوٹینشل کو بروئے کار لا کر مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

نیلم میں گورننس کا نظام بہتر نہیں چل رہا جس کو ٹھیک کرنے کیلئے اصلاحات نافذ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 روپے یونٹ کی شرح کے باوجود نیلم میں اگست کے ماہ کے بلات کی ادائیگی کی شرح انتہائی مایوس کن ہے۔ 28 ہزار صارفین میں سے صرف 4 ہزار صارفین نے بل جمع کرائے ہیں ۔ سابقہ بقایا جات کی ادائیگی کو 24 اقساط کے ذریعے آسان بنایا جائے گا ۔

عدم ادائیگی کی صورت میں کنکشن کاٹ کر قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے پریس کلب کے لئے 7 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر میرٹ پر کام کرنا ہو گا۔ پچھلے عرصے میں ضرورت کی بنیاد پر سب سے زیادہ وسائل نیلم پر خرچ کئے ہیں۔ اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور عوامی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔