
راولپنڈی ۔ 23 نومبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، کچھ عناصر دانستہ، غیردانستہ طور پر ملک کو تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں، ریاست میں مذہب، لسانیت یا کسی اور بنیاد پر انتشار پھیلنے نہیں دیں گے۔ وہ ملتان گریژن میں افسروں اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان گریژن کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشنل تیاری کے حوالے سے مشق کا بھی مشاہدہ کیا اور زور دیا کہ پیشہ وارانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کے ذریعے جنگ کو روکا جا سکتا ہے۔