
راولپنڈی ۔ 27 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی یوروش دیدوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی سفیر نے بعد ازاں پاک فوج کے دس افسران اور دو جوانوں کو جولائی 2018ء میں لتوک۔ 1 پر روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوکوف کی 20650 فٹ کی بلندی پر تلاش اور ریسکیو آپریشن میں ان کے تعاون، عزم اور جرأت کے اعتراف میں آرڈر آف فرینڈشپ، تمغہ جرأت اور میڈل فار دی کامن ویلتھ ان ریسکیو عطا کئے۔ یہ ریسکیو آپریشن چھ روز جاری رہا جو پاک فوج کے شعبہ ایوی ایشن نے انتہائی مشکل حالات میں انجام دیا۔ روسی سفیر نے چیف آف آرمی سٹاف کو میڈل فار دی کامن ویلتھ ان ریسکیو اور رشیئن ماؤنٹینئرنگ فیڈریشن کا توصیفی خط بھی دیا۔